روس کے مشرقی ساحل پر واقع جزیرہ نما کمچٹکا (Kamchatka) میں 7.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ یہ زلزلہ 51 کلومیٹر کی گہرائی پر آیا اور مقامی وقت کے مطابق شام 8:10 بجے کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔
امریکہ کی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلے کا مرکز پتروپاولوسک-کَمچَٹسکی شہر سے تقریباً 80 کلومیٹر دور تھا، جس کی آبادی 150,000 سے زائد ہے۔مقامی جیو فزیکل سروس کے مطابق زلزلہ چھ کلومیٹر گہرائی میں آیا جس کا مرکز بحرالکاہل میں 108 کلومیٹر جنوب مشرقی علاقہ تھا
سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ کچھ ساحلی علاقوں میں سطح سمندر سے 0.3 سے 1 میٹر تک کی لہریں آ سکتی ہیں۔ ممکنہ طور پر یہ لہریں شام 8:30 سے 9:00 بجے کے درمیان ساحل پر پہنچ سکتی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا ہے کہ زلزلے کے اثرات محدود رہنے کی توقع ہے اور زمین کے کھسکنے یا سیلاب کے امکانات کم ہیں۔ زلزلے کے اثرات 100 کلومیٹر (62 میل) دور تک محسوس کیے گئے ہیں. ہلاکتوں کا امکان کم ہے۔یہ علاقہ 1952 میں ایک 9 شدت کے زلزلے کا بھی شکار رہا تھا، جس نے ایک بڑی سونامی کو جنم دیا تھا۔