ریاض:سعودی عرب میں فرسٹ وومن کرکٹ کپ کا انعقاد

ریاض:سعودی عرب میں فرسٹ وومن کرکٹ کپ کا انعقاد کیا گیا جس میں بحرین،قطر سمیت سعودی عرب کی وومن ٹیمز شریک تھیں جن کے درمیان سنسنی خیز کرکٹ میچز کھیلے گئے تاہم بحرین الیون نے کپ اپنے نام کر لیا اختتامی تقریب میں سفارتی افسران اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے عہدیداروں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے .

سعودی عرب میں ریاض کرکٹ لیگ کی جانب سے پہلی مرتبہ فرسٹ وومن کرکٹ کپ کا انعقاد کیا گیا جس میں بحرین اور قطر کی وومن ٹیموں کے علاوہ سعودی عرب کی ٹیلنٹ ہب اکیڈمی اور آر سی ایل الیون کی ٹیموں نے شرکت کی جن کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کھیلے گئے تاہم بحرین الیون نے فائنل میچ جیت کر کپ اپنے نام کر لیا.تقسیم انعامات کی تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے قونصلر توصیف خاور اور سابق پاکستانی کرکٹر سعودی کرکٹ فیڈریشن کے جنرل منیجر اقبال سکندر مہمان خصوصی تھے.

اس موقعہ پر ریاض کرکٹ لیگ کے صدر حنیف بابر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد وومن کرکٹ ٹیمز کو سعودی عرب میں فروغ دینا ہے تاکہ کرکٹ کھیلنے کی شوقین طالبات بہتر انداز سے کرکٹ کے میدان آباد کر سکیں اس موقعہ مہمان خصوصی اقبال سکندر کا کہنا تھا کہ آئی سی سی وومن کرکٹ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی وومن کرکٹ کے فروغ کیلئے اہم ٹورنامنٹس کا انعقاد کرتی ہے اور سعودی عرب میں جس تیزی سے کرکٹ کا کھیل فروغ پا رہا ہے جلد ہی سعودی عرب انٹرنیشنل وومن کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا.

جس کیلئےریاض، دمام اور ینبع میں گراسی گراونڈز کی تیاری کی جا رہی ہے سفارت خانہ پاکستان کے قونصلر توصیف خاور کا کہنا تھا کہ آر سی ایل کی جانب سے وومن کرکٹ کپ کا انعقاد خوش آئند قدم ہے اور سفارت خانہ پاکستان بھی ایسے ٹورنامنٹس کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گا ٹورنامنٹس میں شریک ٹیمز کی کپٹنز کا کہنا تھا کہ انھیں کھیل کر انتہائی خوشی ہوئی اور اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا موقعہ ملا آخر میں ٹیموں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں.

اپنا تبصرہ لکھیں