ریاض (عرب نیوز، الریاض ڈیلی، اے ایف پی) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس کے نویں ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جس میں مختلف ممالک کے سربراہان، عالمی اقتصادی ماہرین اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سمیت دنیا بھر سے نو ہزار سے زائد مندوبین شریک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، یہ عالمی سطح کی اقتصادی کانفرنس ریاض کے کنگ عبدالعزیز کنونشن سینٹر میں منعقد کی گئی ہے، جس کا عنوان “خوشحالی کی کنجی” (The Key to Prosperity) رکھا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر اور فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے چیئرمین یاسر عثمان الرمیان نے کہا کہ یہ کانفرنس دنیا بھر سے آنے والے ان تمام رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور ماہرینِ معیشت کا خیرمقدم کرتی ہے جو ٹھوس سرمایہ کاری کو عالمی تبدیلی اور ترقی کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔
یاسر الرمیان نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی سے کم عرصے میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے پلیٹ فارم سے 250 ارب ڈالرز سے زائد کے عالمی معاہدے ہو چکے ہیں، اور اس سال کی کانفرنس نئی امنگوں، جدت اور پائیدار اقتصادی وژن کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ دنیا بھر کے ممالک کو معاشی ترقی کے لیے مل جل کر کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ عالمی سطح پر خوشحالی، امن اور عوامی فلاح کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو (FII) کو خطے کی سب سے بڑی اقتصادی کانفرنس سمجھا جاتا ہے، جو سعودی وژن 2030 کے تحت سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، توانائی، اور عالمی شراکت داری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

