ریاض:وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

ریاض ( جنگ نیوزکینیڈا)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور دونوں ممالک کی کابینہ کے سینئر ارکان بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی و اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں شراکت بڑھانے پر گفتگو کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اور تاریخی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی پاکستان کے عوام کے ساتھ سعودی عرب کی یکجہتی اور دیرینہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (FII) کی نویں کانفرنس میں شرکت کیلئے تین روزہ دورے پر ریاض پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔

ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبد العز یز، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کیا۔

فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں دنیا بھر کے رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور مختلف شعبوں کے ماہرین شریک ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں جہاں وہ پائیدار ترقی، عالمی معاشی تعاون، جدت اور جغرافیائی سیاست میں تبدیلیوں سے متعلق مباحثوں میں پاکستان کا مؤقف پیش کرینگے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی قیادت اور عالمی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری، تجارتی شراکت، توانائی کے منصوبوں اور انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں