ریاض:پرنس سلطان ایئربیس پر داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ

ریاض (نمائندہ خصوصی، سعودی میڈیا) سعودی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ پرنس سلطان ایئربیس پر داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بغداد ایئرپورٹ کے قریب امریکی سفارتی مقام کو دو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش بھی کی گئی۔

اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کا ورچوئل اجلاس ہوا، جس میں کہا گیا کہ سعودی عرب اپنی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کا حق رکھتا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے سعودی فضائی دفاعی نظام کی اعلیٰ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاعی نظام نے تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنایا۔

کابینہ نے سعودی عرب، خلیجی اور دیگر عرب ممالک پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سویلین اہداف اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

سعودی کابینہ نے خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کے مشترکہ وزارتی اجلاس کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ اجلاس میں ایرانی جارحیت کے خلاف منظور کی جانے والی مذمتی قراردادوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔