ریاض: دفاعی معاہدے کی خوشی میں کنگ ڈم ٹاور پاکستانی پرچم کے رنگوں سے روشن

ریاض/اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی خوشی میں سعودی دارالحکومت ریاض کی مشہور 99 منزلہ عمارت “دی کنگ ڈم ٹاور” کو پاکستانی پرچم کے سبز و سفید رنگوں سے روشن کردیا گیا۔ اسلام آباد میں بھی مختلف عمارتوں کو سبز روشنیوں سے سجایا گیا اور دونوں ملکوں کے پرچم لہرائے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے بعد ریاض میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارتوں میں سے ایک “کنگ ڈم ٹاور” کو سبز ہلالی پرچم اور سعودی پرچم کے رنگوں سے روشن کیا گیا۔

اسلام آباد میں بھی اس خوشی کے موقع پر سرکاری عمارتوں کو سبز رنگ کی روشنیوں سے منور کیا گیا اور دونوں برادر ممالک کے پرچم لہرا کر اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔معاہدے کے موقع پر ایک خصوصی گیت بھی جاری کیا گیا، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان لازوال دوستی اور دفاعی تعاون کو اجاگر کیا گیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا اور اس کا مشترکہ دفاع کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پرتپاک استقبال اور فراخدلانہ مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور اس معاہدے کو دونوں ممالک کے تعلقات کی نئی بلندی قرار دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں