سعودی عرب میں گلوبل لیبر کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان سمیت 45 ممالک سے افرادی قوت کے وزراء اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں اس موقعہ پر شرکاء نے بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کو جدید تقاضوں کے مطابق منظم بنانے پر اظہار خیال کیا.
سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ عبدالعزیز کانفرنس سینٹر میں دوسری گلوبل لیبر کانفرنس کا افتتاح سعودی وزیر محنت و افرادی قوت انجینئر احمد الراجحی نے کیا جبکہ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین نے بھی کانفرنس کے مختلف سیشنز میں شرکت کی اور مختلف اسٹالز پر ماہرین سے بریفنگ لی اور انہیں پاکستان کی لیبر مارکیٹ کے حوالے سے آگاہ کیا.
اس موقعہ پر چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستانی ورکرز اور ہنرمندوں کو اہمیت دیتا ہے اور ان کی تعداد کو مزید بڑھانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر عمل کیا جا رہا ہے سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیر اتاشی نجم ثاقب کا کہنا تھا کہ جدید دور میں دنیا بھر کی لیبر مارکیٹ کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں جن کو حل طلب بنانے کے لیے کانفرنس میں ماہرین ملکر لیبر مارکیٹ کو منظم اور فعال بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان بھی نوجوانوں میں skill development پر کام کر رہا ہے تاکہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ لیبر فورس تیار کی جاسکے.

