بادن وورٹمبرگ (شوکت گورایہ سے)جرمنی کے جنوبی ریاستی علاقے Baden-Württemberg میں ایک افسوسناک اور ہولناک ٹرین حادثہ پیش آیا، جب Deutsche Bahn کی ایک ریجنل مسافر ٹرین Riedlingen اور Munderkingen کے درمیان پٹری سے اتر گئی۔ کم از کم تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے میں ٹرین کے دو ڈبے مکمل طور پر الٹ گئے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق خراب موسم یا زمین کھسکنے کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔
جرمن ریلوے کمپنی Deutsche Bahn کی یہ ریجنل ٹرین معمول کے مطابق مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی تھی کہ اچانک ایک مقام پر پٹری سے اتر گئی۔ حادثہ Riedlingen اور Munderkingen کے درمیانی علاقے میں پیش آیا جہاں ٹرین کے دو ڈبے مکمل طور پر الٹ گئے، جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔
مقامی ریسکیو، پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر اور ایمبولینسز کے ذریعے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
جرمن چانسلر نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ Deutsche Bahn نے بھی اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور متاثرین کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اگرچہ حادثے کی حتمی وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہو گا، مگر ابتدائی طور پر خراب موسم، زمین کھسکنا یا پٹری کی خرابی کو ممکنہ وجوہات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
اس واقعے نے ایک بار پھر جرمن ریلوے کے محفوظ نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں، اور عوامی سطح پر اس حوالے سے تشویش بڑھنے لگی ہے۔Deutsche Bahn کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقام پر ریل سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے اور متبادل ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ قوم اس دلخراش حادثے کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔

