ریمی سین لینڈ روور بنانے والی کمپنی کے خلاف عدالت پہنچ گئیں

ممبئی: مشہور کامیڈی فلم ’پھر ہیرا پھیری‘ کی اداکارہ ریمی سین نے لگژری کاریں بنانے والی معروف کمپنی لیڈ روور کے خلاف قانونی جنگ چھیڑ دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریمی سین نے لینڈ روور کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اداکارہ کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کے طور پر ادا کرے۔
دراصل ریمی سین نے کمپنی سے 2020 میں 92 لاکھ روپے میں کار خریدی تھی لیکن انہیں متعدد بار گاڑی کو مرمت کے مراحل سے گزارنا پڑا جس کے باعث وہ ذہنی تناؤ کا شکار رہیں۔
2020 میں کورونا وائرس کے باعث لگنے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ گاڑی کو استعمال نہ کر سکیں۔ تاہم صورتحال معمول پر آنے کے بعد جب انہوں نے کار چلانا شروع کی تو اس میں متعدد مسائل سامنے آئے۔
ریمی سین نے دائر مقدمے میں ساؤنڈ سسٹم، سن روف اور پچھلے کیمرے میں خرابی کی نشاندہی کی۔ اپنی شکایت میں اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ پچھلے کیمرے کی خرابی کے باعث گاڑی کھمبے سے ٹکرائی تھی۔
اداکارہ نے اس ضمن مین ڈیلرز سے رابطہ کیا اور شکایت درج کروائی لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ انہوں نے گاڑی کو متعدد بار مرمت کے مراحل سے گزارا لیکن کار اب بھی سڑکوں پر چلانے کے قابل نہیں ہے۔
بالی وڈ اداکارہ نے شکایت میں کہا کہ انہیں ناقص گاڑی فروخت کی گئی جس کی وجہ سے وہ ذہنی تناؤ کا شکار رہیں۔ریمی سین نے مقدمے میں نہ صرف 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے بلکہ لینڈ روور کے خلاف کیس میں قانونی فیس کی مد میں 10 لاکھ روپے کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں