زائرین کو اس سال صرف فضائی سفر کی اجازت ہوگی: محسن نقوی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ زیارت اربعین کے لیے اس سال زائرین کو ایران و عراق جانے کے لیے صرف فضائی سفر کی اجازت دی جائے گی، زمینی راستے سے سفر پر پابندی ہوگی۔ یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور قومی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال زیارت اربعین کے لیے زائرین کو صرف ہوائی راستے سے ایران و عراق جانے کی اجازت ہوگی، جب کہ سڑک کے ذریعے سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وزارتِ خارجہ، بلوچستان حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے کیا گیا ہے اور اس کا مقصد عوام کا تحفظ اور قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ وزیراعظم نے زائرین کی سہولت کے لیے فضائی پروازوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت دے دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین آسانی سے سفر کر سکیں۔

یاد رہے کہ 14 جولائی کو فیصلہ کیا گیا تھا کہ آئندہ سال جنوری سے پاکستانی زائرین بغیر آرگنائزر گروپ کے عراق نہیں جا سکیں گے، اور گروپس کو پابند کیا جائے گا کہ وہ اپنے تمام افراد کو واپسی پر بھی یقینی طور پر لائیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے تہران میں سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زائرین کی رجسٹریشن کی جائے گی اور صرف رجسٹرڈ گروپس کی صورت میں ہی عراق جانے کی اجازت ہوگی۔مزید تفصیلات اور سفری ہدایات وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کی جائیں گی تاکہ پیشگی معلومات فراہم کی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں