زیادتی اور دہشتگردی، امریکا کی بھارت کیلئےنئی ٹریول ایڈوائزری جاری

واشنگٹن/نئی دہلی (ایجنسیاں)امریکا نے بھارت کیلئےنئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو بھارت کے متعدد علاقوں میں سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹریول ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ بھارت میں پرتشدد جرائم اور دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ایڈوائزری میں خصوصی طور پر ذکر کیا گیا ہے کہ بھارت میں جرائم کی ایک تیزی سے پھیلتی ہوئی شکل “زیادتی” ہے، جو ایک سنگین تشویش کا باعث بن رہی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگرد عناصر سیاحتی مقامات، پبلک ٹرانسپورٹ مراکز، بازاروں، شاپنگ مالز اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کا سفر نہ کریں، کیونکہ وہاں دہشتگردی اور سیکیورٹی کی خراب صورتحال کے شدید خطرات موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت کے چند وسطی اور مشرقی علاقوں میں بھی غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔نئی ایڈوائزری امریکی شہریوں کو محتاط رہنے اور حالات کی مسلسل نگرانی کرنے کی تاکید کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں