سابق عالمی کرکٹ کپتانوں کا وزیراعظم شہباز شریف کو خط، عمران خان کی صحت پر تشویش

لندن/سڈنی (ایجنسیاں) آسٹریلوی اخبار The Age کے مطابق دنیا بھر کے سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر سابق پاکستانی کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ وقار اور بنیادی انسانی ہمدردی کا برتاؤ کیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ اطلاعات میں عمران خان کی بینائی سے متعلق سنگین مسئلے کا ذکر کیا گیا ہے۔ اہلِ خانہ کے مطابق جیل میں طبی غفلت کے باعث ان کی دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہوئی۔

خط کا مسودہ سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل نے تیار کیا، جس پر ایئن چیپل، سنیل گواسکر، کپل دیو، سر کلائیو لائیڈ، ایلن بارڈر، مائیکل ایتھرٹن، ناصر حسین، مائیکل بریئرلی، ڈیوڈ گاور، سٹیو وا، جان رائٹ، کم ہیوز اور بیلنڈا کلارک نے دستخط کیے۔ ان میں سے بیشتر کھلاڑی اپنے کیریئر کے دوران عمران خان کے مدِمقابل کھیل چکے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ حراست کے دوران عمران خان کی صحت، خصوصاً بینائی میں خطرناک حد تک کمی اور گزشتہ ڈھائی برسوں میں قید کے حالات سے متعلق رپورٹس نے شدید تشویش پیدا کی ہے۔ سابق کپتانوں نے یاد دلایا کہ عمران خان نے بطور کپتان پاکستان کو 1992 کے تاریخی کرکٹ ورلڈ کپ میں فتح دلائی جو قیادت، عزم اور کھیل کے جذبے کی روشن مثال تھی۔

خط میں حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان کو فوری، مناسب اور مسلسل طبی امداد فراہم کی جائے، انہیں اپنی پسند کے مستند ڈاکٹروں تک رسائی دی جائے، قید کے انسانی اور باوقار حالات یقینی بنائے جائیں، اہلِ خانہ سے باقاعدہ ملاقات کی اجازت دی جائے اور قانونی کارروائی تک شفاف رسائی میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔

خط کے اختتام پر کہا گیا کہ کرکٹ قوموں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے، میدان میں مقابلہ ختم ہو جاتا ہے مگر احترام باقی رہتا ہے، لہٰذا انصاف اور انسانیت کے تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے۔