سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کی فوجی عدالت کی سزا کیخلاف اپیل

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید نے فوجی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کیخلاف اپیل دائر کر دی ہے۔ فیض حمید کے وکیل میاں علی اشفاق نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اپیل دائر کر دی گئی ہے، تاہم انہوں نے اپیل کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ 11 دسمبر کو فوجی عدالت نے فیض حمید کو رازداری کے قوانین کی خلاف ورزی، سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دوسروں کو نقصان پہنچانے سے متعلق چار الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعہ 133 بی کے تحت سزا اور فیصلہ سنائے جانے کے بعد فیض حمید کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے 40 دن کی مہلت حاصل تھی۔

فوجی قوانین کے مطابق اپیل سب سے پہلے کورٹ آف اپیلز میں سنی جاتی ہے، جس کی سربراہی میجر جنرل یا اس سے اعلیٰ رینک کا افسر کرتا ہے اور اس کی نامزدگی آرمی چیف کی جانب سے کی جاتی ہے۔ بعد ازاں آرمی چیف کو سزا کی توثیق، ترمیم یا منسوخی کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔

ماضی میں فوجی عدالتوں میں اپیلوں کے فیصلے کا عمل کئی برسوں پر محیط رہ چکا ہے۔