سانحہ گل پلازہ: 9 روز بعد بھی 46 افراد کی تلاش معمہ بن گئی

کراچی(نمائندہ خصوصی)پولیس سرجن سی پی ایل سی کے مطابق سانحہ گل پلازہ کو 9 روز گزر جانے کے باوجود 46 افراد کی تلاش تاحال معمہ بنی ہوئی ہے۔ حادثے میں لاپتہ افراد کی شناخت کیلئے55 خاندانوں کے ڈی این اے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ نے بتایا کہ مجموعی طور پر 63 لاپتہ افراد کے لیے 55 خاندانوں کے ڈی این اے لیے گئے، جن کی مدد سے اب تک 24 افراد کی شناخت مکمل کرلی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ڈی این اے کا کوئی ریفرنس دستیاب نہیں ہو سکا جبکہ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے 46 افراد کی باقیات اس قدر متاثر ہیں کہ ان کی شناخت ممکن نہیں ہو پا رہی۔

ذرائع کے مطابق سی پی ایل سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 46 افراد کی تلاش ان کی وقوعہ کے وقت لوکیشن، آخری کال ڈیٹا اور دیگر دستیاب معلومات کی بنیاد پر جاری ہے۔ لاپتہ افراد کی مکمل تفصیلات پولیس کے اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سرچ، شناخت اور تصدیقی عمل جاری ہے اور جیسے ہی کوئی پیش رفت ہوگی، متاثرہ خاندانوں کو آگاہ کیا جائے گا۔