سری لنکا کی شاندار فتح، آسٹریلیا ٹی20 ورلڈ کپ سے نکلنے کے قریب

پالے کیلے(سپورٹس ڈیسک)سری لنکا کرکٹ ٹیم نے ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا، جبکہ آسٹریلیا ایونٹ کے پہلے مرحلے سے باہر ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔

گروپ بی کے اس میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 181 رنز بنا کر پوری ٹیم گنوا دی۔ کپتان مچل مارش نے 54 اور ٹریوس ہیڈ نے 56 رنز اسکور کیے، جبکہ جوش انگلس 27 اور گلین میکسویل 22 رنز بنا سکے۔

سری لنکا کی جانب سے دشان ہیمانتھا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ دشمانتھا چمیرا نے 2، مہیش تھیکشنا، کمنڈو مینڈس اور دونتھ ویلالاگے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں سری لنکن بیٹرز نے ہدف بآسانی حاصل کرلیا۔ اوپنر پاتھم نسانکا نے ناقابلِ شکست 100 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کوشل مینڈس نے 51 جبکہ پاون رتنانائیکے نے 28 رنز اسکور کیے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوئنس 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، تاہم ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

گروپ کی صورتحال کے مطابق اگر سری لنکا اور زمبابوے کے میچ میں زمبابوے کامیاب رہتا ہے یا مقابلہ بے نتیجہ رہتا ہے تو آسٹریلیا ایونٹ سے باہر ہوجائے گا اور زمبابوے سپر ایٹ میں جگہ بنالے گا۔ تاہم زمبابوے کی شکست کی صورت میں بھی فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا، بشرطیکہ آسٹریلیا عمان کے خلاف بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرے۔