سری لنکن لیگ اسپنر جیفری وینڈرسے نے ’ون مین آرمی‘ کا کردار ادا کرتے ہوئے تن تہنا دوسرے ون ڈے میں بھارت کو شکست سے دوچار کردیا۔
سری لنکا نے بھارت کو دوسرے ون ڈے میں شکست سے دوچار کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے، بھارتی بیٹنگ لائن دوسرے ون ڈے میں بھی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ڈھیر ہوگئی۔
240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری مہمان ٹیم 208 رنز پر آل آؤٹ ہوئی ، کپتان روہت شرما 64 اور اکشر پٹیل 44 کے علاوہ کوئی بیٹر قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔
میزبان سائیڈ کی طرف سے لیگ اسپنر جیفری وینڈرسے نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 33 رنز دے کر 6 بھارتی بیٹرز کو پویلین بھیجا، ان کے لیگ اسپن جادو کے آگے سورما بری طرح ناکام نظرآئے۔
چارتھ اسالنکا نے بھی جیفری کا ساتھ دیتے ہوئے 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، بھارت کے آخری نمبر کے بیٹر ارشدیپ سنگھ رن آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے، اویشکا فرنینڈو اور کامنڈو مینڈس 40، 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، بھارت کی طرف سے واشنگٹن سندر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ سیریز میں آئی لینڈرز کو ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے، سری لنکا اور بھارت کے درمیان پہلا ون ڈے سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر ہوگیا تھا۔
سری لنکن اور دنیا بھر کے شائقین کی جانب سے دوسرے ون ڈے میں سری لنکن ٹیم کے لیے ’ون مین آرمی‘ ثابت ہونے والے جیفری وینڈر کی شاندار بولنگ کی دل کھول کر تعریف کی ہے۔