سعودی عرب امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا جو مستقبل میں بڑھ کر 10 کھرب ڈالر تک جا سکتی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ولی عہد کی آمد پر بے حد خوشی ہے، محمد بن سلمان نے امریکا میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے۔

امریکی صدر کے مطابق یہ سرمایہ کاری فیکٹریوں، وال اسٹریٹ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے شعبوں میں کی جائے گی۔ انہوں نے بائیڈن انتظامیہ کو نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان 4 برسوں میں اتنی سرمایہ کاری نہیں آئی، ان کے دور میں امریکا شدید مہنگائی کا شکار ہوا، جبکہ ان کی (ٹرمپ کی) واپسی کے بعد ایک سال میں 21 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایک نئی شروعات کر رہا ہے، پیٹرولیم اور گیس کے ذخائر دوبارہ بحال کیے جا رہے ہیں اور عوام کیلئے انرجی کی قیمتیں کم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور سعودی عرب ہمیشہ ہر مسئلے پر ایک ساتھ رہے ہیں، اور سعودی عرب نے اس سال کے اوائل میں ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے میں اہم کردار ادا کیا۔

اپنی گفتگو میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی ایٹمی صلاحیت کو ختم کر دیا ہے، یہ وہ قدم ہے جو ان سے پہلے کوئی امریکی صدر نہیں اٹھا سکا۔پریس کانفرنس کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ آج ہماری تاریخ کا اہم دن ہے، ہم مستقبل پر کام کر رہے ہیں اور سرمایہ کاری کیلئے بنیادوں کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جسے بڑھا کر ایک ٹریلین ڈالر تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور دفاع کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔