سعودی عرب: سیلابی ریلے میں بہنے والے چوتھے بچے کی نعش برآمد

سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے علاقے وادی المغمس میں ریسکیو کی ٹیموں نے سیلابی ریلے میں لاپتہ ہونے والے بچے کی نعش کو دو دن بعد برآمد کرلیا۔

سعودی خبر رساں ادارے عکاظ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی عرب مکہ مکرمہ کے مشرقی علاقے میں وادی المغمس میں یہ افسوسناک واقعہ دو دن قبل پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 3بچے لقمہ اجل بن گئے تھے۔

اپنے والدین کے ہمراہ چاروں بہن بھائی گاڑی میں موجود تھے کہ اچانک گاڑی سیلابی ریلے میں پھنس گئی جس کے نتیجے میں تین بچے موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ چوتھا بچہ سیلابی ریلے کی نذر ہوگیا۔

بچوں کے والدین کو سیلابی ریلے سے نکالنے میں شہری دفاع کی امدادی ٹیمیں کامیاب ہوگئی تھیں، مگر لاپتہ بچے کی تلاش میں شہری دفاع کے علاوہ رضاکاروں کی ٹیمیں بھی شامل رہیں۔

واضح رہے کہ سعودی محکمہ شہری دفاع نے اتوار تک مملکت کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا تھا۔

محکمہ شہری دفاع نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، محفوظ مقامات پر رہنے، سیلابی مراکز، وادیوں اور نشیبی مقامات کی طرف جانے سے منع کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ مملکت میں ہونے والی تیز بارشوں کے دوان میڈیا اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں