ریاض(بیورورپورٹ)سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ اب سعودی عرب میں تمام اقسام کے ویزا رکھنے والے افراد عمرہ ادا کرنے کے اہل ہیں۔ یہ اقدام زائرین کیلئے سہولیات بڑھانے اور حج و عمرہ کے نظام کو مؤثر بنانے کا حصہ ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان جاری کیا کہ ذاتی و خاندانی وزٹ ویزا، الیکٹرانک سیاحتی ویزا، ٹرانزٹ ویزا، ورک ویزا اور دیگر اقسام کے ویزہ رکھنے والے افراد مملکت میں قیام کے دوران عمرہ ادا کر سکیں گے۔
وزارت نے کہا کہ یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل میں مددگار ہے اور زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو سکون و سہولت کے ساتھ اپنے مذہبی فرائض ادا کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ یہ سہولتیں خادمِ حرمین شریفین اور ولی عہد کی خواہش کی عکاسی کرتی ہیں کہ تمام مسلمانوں کو ایک محفوظ اور روحانی ماحول فراہم کیا جائے۔
خیال رہے کہ حج اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک ہے اور ہر سال دنیا بھر کے مسلمان سعودی عرب پہنچتے ہیں، جبکہ پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے حج کے سب سے بڑے کوٹے میں سے ایک فراہم کیا جاتا ہے۔ جولائی میں وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2026 کی منظوری دی تھی، جس میں حج سیزن کے انتظامات اور لاجسٹک اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔
یہ فیصلہ سعودی عرب کی جانب سے زائرین کو سہولت دینے اور ان کے مذہبی فرائض کی ادائیگی کو آسان بنانے کے مستقل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

