ریاض / تہران(ایرانی میڈیا) سعودی عرب نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت اور اشتعال انگیزی کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔ یہ مؤقف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اختیار کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران ہمیشہ عالمی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے جنگ کو روکنے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا آیا ہے اور اب بھی کسی بھی ایسے اقدام کی حمایت کرتا ہے جو جنگ سے بچاؤ کا باعث بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف امریکا کی دھمکیاں خطے میں عدم استحکام کے سوا کچھ حاصل نہیں کر سکتیں۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ امریکا کی دھمکیاں اور نفسیاتی دباؤ خطے کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں، جبکہ اسلامی ممالک کا اتحاد خطے میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کی ضمانت بن سکتا ہے۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت اور اشتعال انگیزی کو مسترد کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کا حامی ہے۔ انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر زور دیا۔
ٹیلی فونک رابطے کو خطے میں بدلتی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی اور باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

