سفارت کاری اور جنگ دونوں کیلئے تیار ہیں: ایرانی وزیرِ خارجہ

ایران / امریکا ( غیر ملکی میڈیا، برطانوی خبر ایجنسی)ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران سفارت کاری اور ممکنہ جنگ دونوں کیلئےتیار ہے اور آئندہ 2 سے 3 روز میں جوہری معاہدے کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ ایرانی قیادت کی منظوری کے بعد یہ دستاویز امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے حوالے کر دی جائے گی۔

عراقچی نے واضح کیا کہ مذاکرات کے دوسرے دور میں جوہری افزودگی روکنے کی پیش کش نہیں کی گئی اور امریکا نے بھی ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں توجہ جوہری پروگرام کے پرامن رہنے پر مرکوز رہی اور جوہری پروگرام کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔دوسری جانب برطانوی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی رہنماؤں کو براہِ راست نشانہ بنا سکتے ہیں، جبکہ ایران پر ’محدود‘ حملوں کی صورت میں امریکی فوج ایرانی حکومت کی تبدیلی کی کوشش کر سکتی ہے۔