سلیکشن کی خاطر میں نے آج تک مکمل ریٹائرمنٹ نہیں لی:شعیب ملک

کراچی (پی سی بی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک نے سلیکشن کے موضوع پر اپنا موقف سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شعیب ملک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کا موضوع ایک نہ ختم ہونیوالا مسئلہ ہے اور وہ اس پر تفصیلی موقف دیں گے۔

اسی پیغام کے ساتھ انہوں نے ویڈیو بیان بھی جاری کیا جس میں کہا کہ “کرکٹ کا سیزن عروج پر ہے اور سلیکشن کا موضوع بھی۔” شعیب ملک نے مزید کہا کہ “اس سلیکشن کی خاطر میں نے آج تک مکمل ریٹائرمنٹ نہیں لی، اس حوالے سے میرے کچھ تحفظات ہیں، جس پر سلیکشن ہونی چاہیے یا نہیں، فیصلہ پھر آپ کا۔”

واضح رہے کہ شعیب ملک نے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 35 ٹیسٹ میچز میں 1898 رنز بنائے اور 3 سنچریز سکور کیں۔ ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 287 میچز میں 7 ہزار 534 رنز بنائے۔