ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) کینیڈین پارلیمنٹ کے ایم پی اوروفاقی وزیرخزانہ شفقت علی کے اعزاز میں ٹورنٹو کی معروف سماجی و کمیونٹی شخصیت طارق خان نے اپنے گھر حینسن روڈ پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس میں کمیونٹی کے معزز اراکین نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب میں پرچم کشائی، تلاوتِ کلام پاک، خطاب اور ضیافت شامل تھیں۔ معززین نے شفقت علی کی خدمات کو سراہا اور موجودہ حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا۔تقریب کا آغاز کینیڈین پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد قرآن پاک کی تلاوت سے باضابطہ آغاز کیا گیا۔ میزبانی کے فرائض انجام دیتے ہوئے طارق خان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر شفقت علی نے خطاب میں کینیڈا کو درپیش چیلنجز اور وزیراعظم مارک کارنی سمیت موجودہ حکومت کی حکمتِ عملی سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کمیونٹی کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے کمیونٹی کے ہر فرد کیلئےکھلے ہیں۔
شرکاء نے ان کی تقریر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ “میک کینیڈا گریٹ” کا سلوگن اس بات کی ضمانت ہے کہ کینیڈا کی قیادت مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ تقریب کے آخر میں معززین کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ شفقت علی شرکاء میں گھل مل گئے اور دوستانہ ماحول میں ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے پیل پولیس کی خدمات کو بھی سراہا جو کمیونٹی کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

تقریب میں ارشد خان، احمد شہزاد چوہدری، محمد شاہد اسماعیل، میاں ندیم، نعیم بٹ، ندیم شیخ، طاہر خان، شاکر جاوید، شاہد مغل، اجیت رندھاوا، جے۔ پی۔ رندھاوا، ڈاکٹر گورچا اور کلوندر سنگھ سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی. تقریب کو کامیاب بنانے پر کمیونٹی نے طارق خان کا شکریہ ادا کیا اوروفاقی وزیرشفقت علی کی کمیونٹی کے ساتھ میل جول کو خوش آئند قرار دیا۔

