دادو (نامہ نگار/ایجنسیاں)ام رباب چانڈیو نے کہا ہے کہ سندھ میں سرداری نظام ناسور بن چکا ہے، جس سے ہزاروں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ان کے دادا، والد اور چچا کے تہرے قتل کیس کی سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ دورانِ سماعت ایم پی اے سردار احمد چانڈیو، ایم پی اے برہان چانڈیو اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، تاہم ملزمان کے وکیل حتمی دلائل مکمل نہ کر سکے جس پر سماعت تقریباً 9 گھنٹے بعد ملتوی ہوئی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ام رباب چانڈیو نے کہا کہ یہ کیس صرف ان کے خاندان کا مسئلہ نہیں بلکہ ہر مظلوم کے انصاف کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سرداری نظام ناسور بن چکا ہے اور اس سے ہزاروں لوگ متاثر ہیں۔ عدالتی تاخیر کی وجہ سے لوگ اپنے کیسز چھوڑ دیتے ہیں، لیکن وہ ظلم کے خلاف سر پر کفن باندھ کر کھڑی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ عدالت انصاف فراہم کرے گی۔

