سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا کی فضل الرحمان کے ساتھ اتحاد کی مخالفت

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اتحاد کی مخالفت کردی۔

گفتگو کرتے ہوئے حامد رضا نے کہا کہ عمر ایوب نے ذاتی کیسز کا سامنا کرنے کیلئے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیا، پی ٹی آئی جو کچھ بھی کر رہی ہے بانی کی مرضی کے مطابق کر رہی ہے۔

انہوں نے تجویز دی حکومت کو وقت دیں، اگر اس وقت تک بانی کو رہا نہیں کرتے تو ہمیں مستعفی ہوجانا چاہیے، اصولی طور پر مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ملنی چاہئیں، اگر ہمیں مخصوص نشستیں نہیں دیتے تو پھر ہماری طرف سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو دے دیں۔

حامد رضا نے کہا کہ شیر افضل مروت کو میڈیا پر شبلی فراز سے استعفے کا مطالبہ نہیں کرنا چاہیے تھا، شیر افضل مروت کو اگر کوئی تحفظات تھے تو پارٹی کے اندر بات کرتے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہفتہ وار بریفنگ دی جاتی ہے اور ہفتہ وار ان سے ہدایات لی جاتی ہیں، اگر لوگ چاہتے ہیں ہم بندوقیں ہاتھ میں پکڑ کر نکلیں تو یہ ممکن نہیں، تشدد کی طرف جانا ہماری پالیسی ہے ہی نہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں