“سوشل میڈیا پر لڑکیوں کی بکنگ، ڈراموں میں کمبل کے مناظر شرمناک”:مشی خان

کراچی (نمائندہ جنگ نیوز کینیڈا) اداکارہ و ٹی وی میزبان مشی خان نے سوشل میڈیا اور ڈرامہ انڈسٹری میں بڑھتی ہوئی عریانیت اور غیر اخلاقی مواد پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ “اب فیس بک، انسٹاگرام سمیت ہر پلیٹ فارم پر لڑکیوں کی بکنگ ہو رہی ہے اور ڈراموں میں اداکاروں کو کمبل میں دکھایا جا رہا ہے۔”

“غیر اخلاقی مواد پر شدید تنقید”
مشی خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ “آج کل جس بھی پلیٹ فارم پر جائیں، فحش اور نامناسب مواد دیکھنے کو ملتا ہے۔ سوشل میڈیا پر گاؤں کی خواتین انتہائی تنگ کپڑوں میں جھاڑو لگاتی، کھانا بناتی اور پانی بھرتی نظر آتی ہیں، جو انتہائی شرمناک ہے۔”

انہوں نے کہا کہ “فیس بک اور انسٹاگرام پر ایسے پیجز موجود ہیں جہاں لڑکیوں کی ’بکنگ‘ کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ پوسٹس میں صاف لکھا ہوتا ہے کہ اسلام آباد، لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں لڑکیاں بکنگ کے لیے دستیاب ہیں، اور یہ سب کچھ کھلے عام ہو رہا ہے۔”

“خدا کا خوف کریں”
اداکارہ نے ان لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “ایسے افراد کو خدا کا خوف کرنا چاہیے۔ جو فحش مواد بناتے یا شیئر کرتے ہیں، وہ سوچیں کہ اپنے اہل خانہ کا سامنا کیسے کرتے ہوں گے؟ آخر ان میں شرم کیوں نہیں؟”

“ڈرامہ انڈسٹری پر بھی کڑی تنقید”
مشی خان نے ٹی وی ڈراموں میں بڑھتے ہوئے فحش مناظر پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ “ڈراموں میں اداکار اور اداکارہ کو کمبل میں ایک ساتھ دکھایا جا رہا ہے، جو پاکستانی معاشرتی اقدار کے بالکل خلاف ہے۔”

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ماضی کے ڈرامے اعلیٰ معیار کے ہوتے تھے، ان میں کہانی، کردار اور سبق ہوتا تھا۔ وہ ڈرامے بھارت سمیت دنیا بھر میں پسند کیے جاتے تھے، مگر اب ایسے مناظر دکھائے جا رہے ہیں جو نہ کہانی سے مطابقت رکھتے ہیں نہ اخلاقیات سے۔”

مشی خان کی اس پوسٹ پر ہزاروں صارفین نے تبصرے کیے اور ان کی رائے سے اتفاق کیا۔ متعدد افراد نے کہا کہ “واقعی سوشل میڈیا پر بے حیائی اور غیر اخلاقی مواد عام ہو چکا ہے اور ڈراموں میں بھی اخلاقی حدود کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔”

سوشل میڈیا صارفین نے حکومت اور پیمرا سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے مواد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ نوجوان نسل کو بگڑنے سے بچایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں