مسِی ساگا (باباعرفان ملک سے)مسِی ساگا کی سولیل کنسگریگیشن میں’’Invite Your Neighbour‘‘ شبات سروس کا روح پرور اور دل نشین انداز میں انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب اور کمیونٹیز کے افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب نے امن، محبت، برداشت اور باہمی احترام کی اقدار کو اجاگر کیا۔
ربی آڈری پولاک نے سروس کی امامت کرتے ہوئے شبات کی روحانی اہمیت، روایات اور فلسفے کو پُرسکون اور دل موہ لینے والے انداز میں بیان کیا۔ سولیل کنسگریگیشن کی ڈائریکٹر آرلین بوٹ نِک نے مہمانوں کا پُرجوش خیر مقدم کیا اور شبات کے مقصد و معنی پر جامع روشنی ڈالی۔

’’شبات شالوم‘‘— یعنی امن کا سبت — کی فضا تقریب کے ہر لمحے میں نمایاں رہی، جہاں ہمسائے اور دوست امن، شکر گزاری اور باہمی احترام کے جذبے کے ساتھ اکٹھے ہوئے۔سروس کے بعد کافی اور میٹھے کے ساتھ ایک خوشگوار سماجی نشست ہوئی جس میں شرکا نے ایک دوسرے سے گفتگو، تعارف اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔
اس خوبصورت اجتماع کا حصہ بننا شرکا کیلئےباعثِ اعزاز قرار دیا گیا، جہاں مختلف عقائد اور دل ایک جگہ ملے اور شمولیت و احترام کی روشن روایت کو مزید تقویت ملی۔تقریب کے اختتام پر سولیل کنسگریگیشن کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا کہ انہوں نے محبت، وسعتِ دل اور احترام کے ساتھ اپنے دروازے سب کیلئے کھولے۔

