سول نافرمانی تحریک 2014 سے زیادہ کامیاب ہوگی:حامد رضا

چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سول نافرمانی تحریک سے متعلق پی ٹی آئی کی حکمت عملی تیار ہے۔

حامد رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکمت عملی تیار ہے، سول نافرمانی سے متعلق بات بانی سے ملاقات میں پتا چلی، سول نافرمانی تحریک سے متعلق ٹوئٹ سے پہلے ہی معلوم تھا، سول نافرمانی تحریک 2014 سے زیادہ کامیاب ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی میں سول نافرمانی سے متعلق تجاویز پر کام ہورہا ہے، مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو سول نافرمانی کی طرف جائیں گے، سول نافرمانی کے مختلف نکات پر مرحلہ وار آگے بڑھیں گے۔

حامد رضا نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانی کے پیسے نہ بھیجنے سے متعلق بھی نکتہ شامل ہے، ملک میں انسانی اور جمہوری حقوق معطل ہیں، ظلم جاری ہے۔

24 نومبر اور 9 مئی واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی آج تک اسی لیے قید ہیں کہ وہ اپنےموقف سے پیچھے نہیں ہٹے،

انھوں نے کہا کہ اس طرح کے حالات میں ملک کی معیشت سنبھل نہیں سکتی، حکومت نے تو ویسے ہی آئی ایم ایف سے پیسے لینے ہیں وہ پریشان نہ ہوں، موجودہ حکومت نے تعین کرنا ہے کہ ہمیں آئینی حقوق دینے ہیں یا نہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرکے کہے بات مانیں تو ایسا نہیں ہوگا، ہم جوڈیشل کمیشن کی بات کررہے ہیں تاکہ 9 مئی کا پتا چلے کون ملوث ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ کسی ملک کے وزیراعظم کی گاڑی کا دروازہ کھول کر ترقی نہیں ہوسکتی، ملک میں سیاسی حقوق نہ ہوں تو اسے عالمی دنیا میں وہ جگہ نہیں ملتی جو چاہیے، سیاسی استحکام ہوگا تو معیشت اور خارجہ پالیسی سمیت تمام معاملات بہتر ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے تو اسے موقع دینا چاہیے، ہم تو پہلے بھی کہتے تھے جس کے پاس طاقت ہے اس سے بات ہونی چاہیے، حکومت کہتی ہے ہم طاقتور ہیں تو اسے مذاکرات کا موقع دینے کےلیے تیار ہیں۔

حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت کو بھی مذاکرات میں اپنی اتھارٹی دکھانی پڑے گی، بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات سے متعلق عمرایوب کو ہدایات دی ہیں، عمر ایوب سے ملاقات کے بعد پتا چلے گا بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کیا ہیں، 26ویں ترمیم کے وقت مولانا کو کہا تھا حکومت دھوکا دے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں