سونالی بیندرے نے مداح کی خودکشی پر کیا کہا؟

کینسر کو شکست دینے والی بالی ووڈ کی معروف و خوبرو اداکارہ سونالی بیندرے پر حال ہی میں انکشاف ہوا کہ ماضی میں ایک مداح نے ان سے ملاقات نہ ہونے پر خودکشی کرلی تھی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کینسر کو شکست دے کر سلور اسکرین کی جانب ایک بار پھر لوٹنے والی اداکارہ سونالی بیندرے کو معلوم ہوا کہ ماضی میں ان کے پرستار نے ان سے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں خودکشی کرلی تھی، جس پر اداکارہ نے ردعمل ظاہر کر دیا۔دوران انٹرویو میزبان نے بتایا کہ 90 کی دہائی میں جب اداکارہ بھوپال کے دورے پر تھی، اس دوران ان کا ایک مداح ان سے ملاقات کرنے سے قاصر رہا، جس پر اس نے دل برداشتہ ہوکر خودکشی کرلی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونالی بیندرے نے میزبان کی جانب سے بتائی گئی خبر پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا یہ سچ ہے؟ آخر لوگ ایسا کیسے کرسکتے ہیں؟میزبان نے مزید سوال کیا کہ کیا آپ کی کبھی اس سے زیادہ دیوانے پرستار سے ملاقات ہوئی ہے؟، جس پر اداکارہ نے بتایا کہ ملاقات نہیں ہوئی لیکن ایک بار خون سے تحریر شدہ خط موصول ہوا تھا، جس پر ہم تشویش میں مبتلا ہوگئے تھے کہ کیا واقعی یہ کسی انسان کے خون سے لکھا خط ہے۔ انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اس کی جانچ کروانے کے بارے میں بھی سوچا لیکن اسے چھوڑیں، مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ کوئی شخص کسی انسان کے لیے اس حد تک دیوانہ کیسے ہوسکتا ہے کہ اگر اس شخص سے ملاقات نہیں ہوئی تو چھت سے کود جائیں؟‘۔

اپنا تبصرہ لکھیں