بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جسپریت بمراہ آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ٹیسٹ کے دوسرے دن لنچ کے بعد انجری کے اسکین کیلئےسڈنی گراؤنڈ سے اسپتال کیلئےروانہ ہوئے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر جسپریت بمراہ پانچ میچوں میں بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں، وہ کھانے کے وقفے کے بعد انجری کے سبب اسکین کروانے اسپتال روانہ ہوئے۔
بمراہ کی انجری سے متعلق کوئی اپ ڈیٹ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے جاری نہیں کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جسپریت بمرا کو کمر کی تکلیف ہے جس کی وجہ سے وہ ایک گھنٹے تک میدان میں بھی نہیں آئے۔جسپریت بمراہ سڈنی ٹیسٹ میں مزید بولنگ کریں گے یا نہیں اس سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
تاہم بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ بمراہ اگر دوسری اننگز میں بولنگ کرنے کیلئےفٹ نہیں ہیں تو بھارت کیلئےمشکل پیش آسکتی ہے۔واضح رہے کہ بمراہ نے مارنس لبوشین کو صبح کے سیشن میں آؤٹ کیا اور سیریز میں 13.06 کی اوسط سے 32 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر اور گواسکر سیریز میں آسٹریلیا کو 2-1 کی برتری حاصل ہے، بھارت کو سیریز برابر کرنے کیلئےسڈنی ٹیسٹ جیتنا لازمی ہے۔روہت شرما کو آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ان کی جگہ بمراہ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، جسپریت بمراہ کی قیادت میں بھارت نے پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

