سیف علی خان نے بھوپال کی 16 ہزار کروڑ مالیت کی زمین کا مقدمہ جیت لیا

ممبئی(کلچرل رپورٹر)بالی ووڈ اداکار سیف علی خان اور پٹودی خاندان نے بھوپال میں واقع اپنی موروثی زمین سے متعلق طویل قانونی جنگ جیت لی، جس کے ساتھ ہی تقریباً 25 سال پرانا تنازع منطقی انجام کو پہنچ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس زمین کی مالیت تقریباً 16 ہزار بھارتی کروڑ روپے (1.6ارب ڈالر) بتائی جاتی ہے۔

مدھیہ پردیش کی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے نیاپورہ بھوپال میں واقع 16.62ایکڑ اراضی پر پٹودی خاندان کی ملکیت کو بحال کر دیا، اس فیصلے کے تحت سیف علی خان، ان کی والدہ معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور ان کی بہنوں کے حق میں بڑا قانونی فیصلہ سامنے آیا ہے۔یہ زمین 1998 سے عدالتی تنازع کا شکار تھی، جب عقیل احمد اور دیگر افراد نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ یہ جائیداد پٹودی خاندان کی نہیں ہے۔

مدعی کا مؤقف تھا کہ 1936 میں سابق ریاست بھوپال کے نواب حمید اللّٰہ خان نے یہ زمین ان کے آبا و اجداد کو تحفے میں دی تھی، جس کی بنیاد پر وہ اس کے قانونی مالک ہیں۔تاہم عدالتی کارروائی کے دوران مدعی اپنے دعوے کے حق میں کوئی ٹھوس یا قابلِ اعتماد دستاویزی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے

عدالت نے پیش کردہ ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ زمین کی مبینہ منتقلی یا تحفے سے متعلق کوئی قابلِ تصدیق شواہد موجود نہیں، شواہد کی عدم موجودگی اور قانونی تاخیر کی بنیاد پر عدالت نے دعویٰ مکمل طور پر مسترد کردیا۔اس فیصلے کے بعد پٹودی خاندان کی 16.62ایکڑ زمین پر ملکیت قانونی طور پر دوبارہ تسلیم کر لی گئی ہے۔