“سیلاب متاثرین کا دکھ ہمارا مشترکہ دکھ ہے، پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے: مخدوم احمد محمود”

بہاولپور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے پنجاب میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کڑے وقت میں متاثرہ خاندانوں کا دکھ ہمارا مشترکہ دکھ ہے اور پیپلز پارٹی ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ کھڑی ہے۔

مخدوم سید احمد محمود نے ریسکیو آپریشن میں مصروف سویلین رضاکاروں اور پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور انتھک محنت انسانیت کی عظیم مثال ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنان اور عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں اور عملی طور پر متاثرہ عوام کے درمیان موجود رہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید خطرات کی زد میں ہے اور حالیہ بارشوں و سیلاب نے یہ واضح کر دیا ہے کہ مستقبل کی ہر پالیسی اور ترقیاتی منصوبہ بندی کو ماحولیاتی تقاضوں کے مطابق بنانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ مون سون کے نئے سلسلے کے آغاز پر صورتحال مزید گھمبیر ہو سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ حکومت، ادارے اور عوام ہر قسم کے حالات کیلئےتیار رہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ وقت سیاسی و سماجی تقسیم سے بالاتر ہو کر قومی اتحاد اور یکجہتی کا متقاضی ہے۔

مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ ماضی میں بھی قوم نے بڑے سانحات اور بحرانوں کا مقابلہ عزم و حوصلے سے کیا ہے اور آج بھی اگر ہم متحد ہو جائیں تو ان مشکلات پر قابو پا کر متاثرہ عوام کو ریلیف اور بحالی فراہم کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں