اسلام آباد: ایمل ولی خان نے سینیٹ کا اجلاس صبح 3 سے 4 بجے تک ہونے کا امکان ظاہر کردیا ہے، تفصیلات سامنے نہ ہونے کا بھی شکوہ کردیا۔صدر اے این پی ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ جیسے سب ہورہا ہے ایسے نہیں ہوتا، لگ رہا ہے سینیٹ کا اجلاس صبح 3 سے 4 بجے تک ہونے کا امکان ہے، تفصیلات ہمارے سامنے نہیں ہیں۔
سینیٹ کی موجودہ صورتحال پر ایمل ولی کا مزید کہنا تھا کہ اسپیشل کمیٹی کا اجلاس ہوجائے، سب کھل کرسامنے آجائے گا۔دریں اثنا سینیٹ اجلاس میں تاخیر پر سینیٹرز کو پارلیمنٹ لاجز بھیج دیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ سینیٹرز کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ جب اجلاس ہوگا تو آپ کو اطلاع دی جائیگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل حکومت اور جے یو آئی میں آئینی ترامیم پر معاملات طےنہیں ہو سکے جبکہ مولانا سے پی ٹی آئی نے بھی رابطہ کیا ہے۔آئینی ترامیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان معاملات طے نہیں ہوپائے ہیں، پی ٹی آئی کے وفد نے بھی مولانا سے ملاقات کی اور انھیں اپوزیشن کا ساتھ دینے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی ہے۔
حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کے تحفظات دور کر دیے ہیں، فضل الرحمن آئینی ترمیم سے متعلق حکومت کا ساتھ دینگے۔حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم ایک جامع پیکج ہے جس میں آئینی عدالت بنائی جائے گی، آئینی عدالت کے لیے ججز کی تقرری کا بھی طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔
حکومتی ارکان نے دعویٰ کیا کہ قومی اسمبلی، سینیٹ میں حکومتی ارکان کا نمبر گیم پورا ہے، منحرف ارکان کے ووٹ سے متعلق بھی ترامیم کی جا رہی ہیں، آئین کے آرٹیکل 63 اے میں ترمیم کے لئے مسودہ تیار ہے۔