سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، ’ہائی ویلیو ٹارگٹ‘ سمیت 10 دہشت گرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان / قلات (آئی ایس پی آر)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی دو الگ الگ کارروائیوں میں ایک ہائی ویلیو ہدف سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 24 دسمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دو خوارج مارے گئے، جن میں خوارج کا رنگ لیڈر دلاور بھی شامل تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دلاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گرد سرگرمیوں میں مطلوب تھا اور حکومت کی جانب سے اس کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے ایک اور بیان کے مطابق 24 دسمبر کو بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد آٹھ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں استعمال ہو رہا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ آئی ایس پی آر نے یاد دلایا کہ اس سے قبل رواں ماہ قلات میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 12 دہشت گرد مارے گئے تھے۔