سیکیورٹی فورسز ہر سازش کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں: شہباز شریف

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر ان کی بہادری اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 12 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی کیے گئے۔ دو بہادر جوانوں نے وطن کے تحفظ کیلئےاپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیرِاعظم نے اپنے بیان میں کہا”پاکستانی شہریوں کی جان و مال خطرے میں ڈالنے کی بھارتی سازشیں بے نقاب ہو چکی ہیں۔ بھارت کے پاکستان میں امن کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم کو ہم ہر صورت خاک میں ملا دیں گے۔ قوم اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔”

وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ ریاست پاکستان اور اس کی سیکیورٹی فورسز دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔”دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ صرف عسکری محاذ پر نہیں بلکہ قومی عزم، اتحاد اور سیاسی استحکام کے ذریعے بھی لڑی جا رہی ہے۔ ہم اپنے شہداء کے خون کا قرض چکائیں گے اور پاکستان کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔”

یاد رہے کہ 18 مئی کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھی اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ بھارت اس خطے، خصوصاً پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے اور حقائق چھپانے کیلئےجھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپ رہا ہے۔

وزیرِاعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر سیکیورٹی اداروں کی حمایت جاری رکھے تاکہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے اور پاکستان کو ایک محفوظ، پُرامن اور خوشحال ملک بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں