شامی اپوزیشن کے مسلح گروپوں کا عراقی وزیراعظم کو دوٹوک پیغام

شامی اپوزیشن کے مسلح گروپوں کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے عراقی وزیراعظم کیلئے پیغام جاری کر دیا۔غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق سربراہ حیات تحریرالشام نے پیغام میں کہا کہ عراقی وزیراعظم جنگجو گروپ پاپولر موبلائزیشن فورسز کو شام آنے سے روکیں کیونکہ شامی اپوزیش اپنی جنگ کو عراق تک نہیں پھیلانا چاہتی۔

محمد الجولانی نے کہا کہ بشار الاسد حکومت گرانے کے بعد عراق کیساتھ تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں عراقی جنگجو گروپ بشارالاسد حکومت کی ماضی میں مدد کرتا رہا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق شام میں بشاور الاسد کی فوج کے خلاف تیزی سے پیش قدمی کرنے والے مسلح دھڑوں کے باغی گروپ ھیہ تحریر الشام نے تیسرے بڑے شہر حمات پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے جس کے بعد اس نے دارالحکومت دمشق میں واقع غیر ملکی سفارت خانوں کو پیغام ارسال کیا ہے۔

باغی مسلح گروہ کی جانب سے سفارت خانوں کو بھیجے گئے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ شام میں متوقع تبدیلی کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ ریاست کا خاتمہ ہوگیا ہے بلکہ متوقع تبدیلی ملک میں ایک مضبوط سول ریاست کے قیام کا موقع فراہم کرے گی۔مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ مستقبل کے شام کے لیے ہمارا وژن ایک ریاست ہے جس کی بنیاد بات چیت پر ہے۔

واضح رہے کہ شامی باغی گروہ ’’ھیہ تحریر الشام‘‘ اب تک ادلب، حلب کے بعد حمات پر قابض ہو چکا ہے۔ گزشتہ روز بشار الاسد کی فوج نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ مسلح دھڑے شہر میں داخل ہو گئے ہیں اور یہ ادلب اور حلب کے بعد ان کے قبضے میں آنے والا تیسرا شہر بن گیا ہے۔سرکاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان کی فوجیں حمص کی طرف پیچھے ہٹ گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں