شام سے 318 پاکستانی خصوصی طیارے سےبحفاظت وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ شام سے وطن واپس آنے والوں میں زیارت کیلئےجانے والے افراد بھی شامل ہیں۔ 300 سے زائد پاکستانی شام سے بحفاظت واپس پہنچ چکے ہیں۔ پاکستانیوں کو فوری طور پر ویزا دینے پر لبنان حکومت کے مشکور ہیں۔ ہمارا سفارت خانہ شام میں تمام پاکستانیوں کی معاونت کررہا ہے۔
دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے کہ دہشتگردی کی ہر کاروائی کی مذمت کرنی چاہیئے۔ عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کا نوٹس لے۔ شام کی سلامتی اور خود مختاری کی حمایت کرتے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے گولان کی پہاڑیوں پرقبضہ قابل مذمت ہے۔پاکستان یقین رکھتا ہے کہ بیرون مداخلت سے شام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ شام کے شہریوں کا حق ہے کہ وہ اپنا مستقبل خود طے کریں۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں شام میں پھنسے 318 پاکستانی بیروت سے چارٹر طیارے کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے۔شام میں پھنسے پاکستانی لبنان کے راستے پاکستان پہنچے ہیں۔لبنان نے پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کیے گئے۔طیارے کے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستانی شہریوں کا استقبال کیاگیا۔ این ڈی ایم اے نے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کیلئے بسوں کا انتظام کیاگیاہے۔
واضح رہے کہ ان شہریوں کو بذریعہ سڑک شام سے لبنان پہنچایا گیا، جہاں سے آج انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان روانہ کر دیا گیا۔بیروت ایئر پورٹ پر پاکستان کے سفیر نے پاکستانی شہریوں کو رخصت کیا، چارٹرڈ طیارہ 13 دسمبر کی درمیانی شب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گیا۔