شاہ چارلس کو 2019ء میں اینڈریو کی خفیہ ڈیلز سے خبردار کیے جانے کا انکشاف

لندن (نمائندہ خصوصی)برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کو 2019ء میں سابق برطانوی شہزادے اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونزر کی خفیہ ڈیلز سے آگاہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جیفری ایپسٹین سے متعلق جاری دستاویزات میں اینڈریو کے متنازع مالی تعلقات کی تفصیلات منظر عام پر آئیں۔

دستاویزات کے مطابق شاہی محل کو اطلاع دی گئی تھی کہ اینڈریو نے ارب پتی ڈیوڈ رولینڈ کے ساتھ خفیہ مالی تعلق قائم کیا اور انہیں اپنا بااعتماد مالی مشیر مقرر کیا۔ رولینڈ اور ان کے بیٹے اینڈریو کے ساتھ چین اور سابق سوویت ریاستوں کے دوروں پر بھی گئے۔

رپورٹس کے مطابق رولینڈ نے اینڈریو کی سابقہ اہلیہ کو 40 ہزار پاؤنڈ دیے اور اینڈریو کا 15 لاکھ ڈالر قرض بھی ادا کیا۔واضح رہے کہ حال ہی میں اینڈریو کو کمسنوں سے جنسی تعلق کے مجرم جیفری ایپسٹین کو خفیہ سرکاری دستاویز فراہم کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا۔