البرٹا(نامہ نگار)محکمہ موسمیات کینیڈا نے جنوب مشرقی البرٹا کے علاقوں کیلئے شدید آندھی اور طوفان کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے بروکس کے علاقے میں دیکھا گیا جو بعد ازاں مشرق کی جانب بڑھتے ہوئے سسکیچیوان کی سرحد کی طرف روانہ ہوا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ طوفان تیز اور نقصان دہ ہواؤں، بیس بال کے گیند جتنے اولوں اور شدید بارش کا باعث بن سکتا ہے۔
بجلی فراہم کرنے والی کمپنی فورٹس البرٹا کے مطابق وولکن کاؤنٹی اور بروکس کے علاقوں میں ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ کمپنی نے رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کیلئے فورٹس کے آؤٹ میپ سے رجوع کریں۔
بروکس آر سی ایم پی کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث متعدد سڑکیں بند ہو گئی ہیں کیونکہ راستوں پر خراب گاڑیاں اور گرے ہوئے بجلی کے کھمبے موجود ہیں۔ پولیس کے مطابق ہائی وے 36 کو ہائی وے 1 پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ ڈرائیورز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ متبادل راستے کے طور پر ہائی وے 876 شمال کی طرف اور ہائی وے 544 مغرب کی طرف استعمال کریں۔

