شکیرا نے کنسرٹ میں بیٹوں کے ساتھ گانا گا کر مداحوں کو خوش کر دیا

بیونس آئرس (ایجنسیاں)معروف کولمبیئن گلوکارہ شکیرا نے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ اسٹیج پر پرفارم کر کے مداحوں کو خوش کر دیا۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق شکیرا نے اپنے بیٹوں 12 سالہ میلن اور 10 سالہ ساشا کو اسٹیج پر مدعو کیا، جہاں تینوں نے مل کر شکیرا کا مقبول گانا اپنی آواز میں پیش کیا، جس پر کنسرٹ میں موجود ہزاروں شرکا جھوم اُٹھے۔

واضح رہے کہ میلن اور ساشا نہ صرف شکیرا کے بہت قریب ہیں بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کے ’فیشن پارٹنرز اِن کرائم‘ بھی بنتے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ شکیرا نے اپنا پہلا گانا محض 8 سال کی عمر میں لکھا جبکہ 13 سال کی عمر میں اسے ریکارڈ بھی کروایا۔ ان کے ہسپانوی اور انگریزی گانوں نے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی، تاہم 2010ء کے فیفا ورلڈ کپ کے گانے ’واکا واکا‘ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور انہیں ہالی ووڈ واک آف فیم میں بھی شامل کر لیا گیا۔

شکیرا کے دیگر مقبول ترین گانوں میں ’ہپس ڈونٹ لائے‘ اور ’بیوٹی فل لائر‘ شامل ہیں، جنہوں نے انہیں دنیا کی صفِ اول کی گلوکاراؤں میں جگہ دلائی۔سماجی خدمات کے اعتراف میں 2010ء میں آئی ایل او نے انہیں سوشل جسٹس ایوارڈ سے نوازا، جب کہ انہیں گریمی اور ایم ٹی وی میوزک سمیت کئی عالمی اعزازات بھی مل چکے ہیں۔