صاحبزادہ فرحان آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا حصہ بن گئے

دبئی (آئی سی سی، اسپورٹس میڈیا)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان کو شامل کیا گیا ہے۔آئی سی سی کے میگا ایونٹ کی ٹیم میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نمایاں رہے، انہوں نے ٹورنامنٹ کے 7 میچز میں 383 رنز بنا کر سب سے زیادہ اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بھارت کے 4، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے 2، 2 جبکہ زمبابوے اور ویسٹ انڈیز سے ایک، ایک کھلاڑی کو شامل کیا گیا ہے۔ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹیم میں فائنل کھیلنے والی نیوزی لینڈ کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے جبکہ ایونٹ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے سنجو سیمسن، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمرا ٹیم کا حصہ ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے ول جیکس اور عادل رشید، جنوبی افریقا کے لنگی اینگیڈی اور ایڈن مارکرم، زمبابوے کے بلیسنگ مزرابانی اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر شامل ہیں۔میگا ایونٹ کی ٹیم میں 12ویں کھلاڑی کے طور پر امریکا کے شاڈلے وان شاکوائک کو شامل کیا گیا ہے۔