صحافی نعیم حنیف کے الزامات پر صبا قمر نے 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

لاہور(کلچرل ڈیسک)معروف اداکارہ صبا قمر نے صحافی نعیم حنیف کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اُنہیں 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔گزشتہ دنوں نعیم حنیف نے ’آر این این ٹی وی‘ کے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں صبا قمر پر ذاتی نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے، جن میں ماضی کے تعلقات اور رہائش سے متعلق متنازع دعوے شامل تھے۔

الزامات کے جواب میں صبا قمر نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اعلان کیا کہ انہوں نے نعیم حنیف کیخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اداکارہ کے وکیل کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق، صحافی نے ’’جھوٹے، من گھڑت اور توہین آمیز‘‘ بیانات سےان کی شخصیت اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آر این این ٹی وی پر نشر کی گئی ویڈیو میں اداکارہ کی ذاتی زندگی سے متعلق غیر مصدقہ، سنسنی خیز اور عورت مخالف تبصرے کیے گئے، جنہوں نے صبا قمر کے کردار اور پیشہ ورانہ کامیابیوں پر سوال اٹھانے کی کوشش کی۔

نوٹس میں صبا قمر کے قومی و بین الاقوامی مقام کو بھی اجاگر کیا گیا خصوصاً ان کے بطور یونیسف پاکستان کی نیشنل ایمبیسیڈر برائے حقوقِ اطفال کردار کو نمایاں کیا گیا۔

اداکارہ نے نعیم حنیف کو سات روز کی مہلت دی ہے کہ وہ عوامی معافی مانگیں متنازع پوڈکاسٹ کو تمام پلیٹ فارمز سے حذف کریں اور مستقبل میں ان کی ذاتی زندگی سے متعلق کسی بیان یا تبصرے سے اجتناب برتیں۔

صبا قمر نے اپنے پیغام میں کہا”میں نے ایک ایسے صحافی کیخلاف قانونی کارروائی کی ہے جس نے میرے بارے میں جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کیے۔”انہوں نے مداحوں اور ساتھی فنکاروں سے اپیل کی کہ وہ بھی ایسی حرکات کے خلاف آواز اٹھائیں،”جب کوئی آپ کی بدنامی یا بے عزتی کرے تو خاموش نہ رہیں ،سچ بولیں، مضبوطی سے کھڑے ہوں اور تبدیلی لائیں۔”

اپنا تبصرہ لکھیں