علاقائی سلامتی میں خدمات کا اعتراف، ایوانِ صدر میں اعزازی تقریب
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی/ آئی ایس پی آر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل ای کوریلا کو دفاعی تعلقات اور علاقائی سلامتی میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں پاکستان کا اعلیٰ عسکری اعزاز “نشانِ امتیاز (ملٹری)” عطا کیا۔ یہ اعزاز ایوانِ صدر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کے دوران دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں صدرِ پاکستان نے جنرل کوریلا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا۔ اس موقع پر تینوں افواج کی جانب سے جنرل کوریلا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل مائیکل کوریلا کو یہ اعزاز پاکستان اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون، انسدادِ دہشت گردی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔

اسلام آباد میں قیام کے دوران جنرل کوریلا نے پاکستانی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خلاف باہمی تعاون،دفاعی اشتراک،خطے کی سیکیورٹی صورتِ حال جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل کوریلا کا ویژن علاقائی امن، انسداد دہشت گردی اور دفاعی سفارت کاری کو فروغ دینے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اور ان کی کوششوں سے پاک-امریکا دفاعی تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت پر ہوئی ہے جب پاکستان نے حال ہی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس کی میزبانی کی، جس میں امریکا سمیت قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کا موضوع تھا “مضبوط ربط، محفوظ امن”۔
کانفرنس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کیلئےاسٹریٹجک مکالمے اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
امریکی جنرل کو نشانِ امتیاز (ملٹری) عطا کرنا نہ صرف پاکستان کی سفارتی روایات کا مظہر ہے، بلکہ یہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی شراکت داری میں مزید استحکام کی علامت بھی ہے۔ یہ اقدام علاقائی سلامتی کے لیے مشترکہ کوششوں اور باہمی اعتماد کی نئی راہ ہموار کرتا ہے۔

