چنگدو (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری چین کے دس روزہ سرکاری دورے پر آج چنگدو پہنچ گئے، جہاں چینی حکومت کے اعلیٰ حکام نے ان کا شاندار استقبال کیا۔چین کے نائب وزیرِ خارجہ اور نائب گورنر نے چنگدو ایئرپورٹ پر صدر آصف علی زرداری کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر خالد ہاشمی اور چین کے سفیر جیازگن زی ڈونگ بھی موجود تھے۔
ایوانِ صدر کے مطابق صدر آصف علی زرداری اپنے قیام کے دوران چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کریں گے۔ صدر مملکت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو کریں گے تاکہ پاک۔چین آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
ادھر ترجمان دفترِ خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ صدر مملکت کا یہ دورہ ہنگامی نوعیت کا نہیں بلکہ پہلے سے طے شدہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس دورے کے حوالے سے کئی ہفتے قبل ہی تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے تھے۔دورہ چین کے دوران صدر آصف علی زرداری کی ملاقاتیں اور معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دینے کا باعث بنیں گے۔

