عازمینِ حج کو پاکستانی ذائقہ اور معیار کے مطابق کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے: فہیم خان آفریدی

مکہ مکرم:عازمینِ حج کو مکہ مکرمہ میں پاکستانی ذائقہ اور معیار کے مطابق کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تمام رہائشی عمارتوں، 9 کیٹرنگ کمپنیوں میں پاکستانی فوڈ کوارڈینٹرز کی 24 گھنٹے تعیناتی کے ذریعے سروس کے معیار کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔ یہ بات پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں تعینات ڈائریکٹر حج فہیم خان آفریدی نے کیٹرنگ کمپنیوں کی معائنہ کے دوران کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ میں امسال 70 ہزار سے زائد سرکاری عازمینِ کرام کو اوسطاً 27 دن انکی رہائش گاہوں پر ہی دو وقت کھانے اور ناشتے کی فراہمی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ سعودی اداروں سے منظور شدہ 9 کیٹرنگ کمپنیوں کو پیپرا رولز کے تحت عازمینِ حج کو خوراک کی فراہمی کا ٹینڈر جاری کیا ہے۔ عازمینِ حج کی حفاظت اور سلامتی کے پیش نظر اور مقامی قانون کے مطابق ان کیٹرنگ کمپنیوں کے کچن شہر سے باہر ہوتے ہیں۔ یہ کیٹرنگ کمپنیاں روزانہ 5 تا 8 ہزار عازمین کیلئے تین وقت کھانا تیار کر کے مخصوص گاڑیوں کے ذریعے متعلقہ رہائش گاہوں تک پہنچاتی سرو کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ کوآرڈینیٹرز حفظانِ صحت کے اصولوں اور پاکستانی ذائقہ کے مطابق کھانے کی بروقت تیاری اور ترسیل کو یقینی بناتے ہیں۔ کسی بھی رہائش گاہ میں موجود پاکستانی عازمینِ کرام کی اکثریت کے لحاظ سے کھانوں کے مصالحوں کا خیال رکھا جاتا ہے۔

مثلا کراچی ،لاہور اور مضافات کے عازمین تیز مصالحہ جات جبکہ پشاور، کوئٹہ اور مضافات کے لوگ معتدل مصالحے پسند کرتے ہیں نیز سروس کے دوران الگ سے مصالحہ جات بھی موجود ہوتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزارتِ مذہبی امور اور پاکستان حج مشن نے گذشتہ سالوں کے تجربات ، حجاجِ کرام کی آراء اور جسمانی ضروریات کے پیش نظر ایک متوازن مینو تشکیل دیا ہے جس میں گوشت، دالیں، سبزی، چاول، دو قسم کی روٹی ، لسی، فروٹ، میٹھا ، چائے اور پانی شامل ہیں۔ پاک حج موبائل ایپ یا ہیلپ لائن پر کھانے سے متعلق شکایت موصول ہونے پر کیٹرنگ کمپنی سے بازپرس کی جاتی ہے اور فوری اذالہ کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ سعودی بلدیہ کا ادارہ بھی کیٹرنگ کمپنیوں کے انتظامات، کھانے کے معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے عازمینِ حج سے اپیل کی سروس کو مزید بہتر بنانے کیلئے کیٹرنگ کمپنی کے عملہ اور ساتھی حجاج سے تعاون کیا جائے اور نظم و ضبط کا خاص خیال رکھا جائے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں