عثمان وزیر نے اپنی مسلسل 13ویں فائٹ جیت لی، حکومتی سپورٹ نہ ملنے کا شکوہ

پاکستان کے انٹرنیشنل باکسر عثمان وزیر نے اپنی 13ویں انٹرنیشل فائٹ جیت لی۔

بنکاک تھائی لینڈ میں کھیلی گئی اس فائٹ میں اس بار عثمان وزیر کا مقابلہ تھائی حریف سے تھا۔ پاکستانی باکسر نے تھائی باکسر کو تیسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا۔

واضح رہے کہ عثمان وزیر اپنی تمام 13 انٹرنیشنل فائٹس جیت کر اب تک ناقابل شکست ہیں۔ وہ ورلڈ یوتھ ٹائٹل، ایشین ٹائٹل اور مڈل ایسٹ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔

عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ ایشین ٹائٹل، مڈل ایسٹ اور ورلڈ یوتھ ٹائٹل بھی جیت کر پاکستان اور گلگت بلتستان کا نام روشن کیا۔ آج تک کوئی پاکستانی باکسر یہ ٹائٹل نہیں جیت سکا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے 13ویں فائٹ میں اپنے ورلڈ یوتھ ٹائٹل کا دفاع کرنا تھا۔ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے میں ٹائٹل فائٹ کی فیس جمع نہیں کروا سکا۔

عثمان وزیر نے یہ بھی کہا کہ فائٹ جیتنے کی خوشی ہے لیکن وعدہ کے باوجود حکومت کی سپورٹ نہ ملنے کا افسوس بھی ہے۔

پاکستانی باکسر کا کہنا تھا کہ حکومتی سپورٹ نا ملنے کی وجہ سے میرا ورلڈ یوتھ ٹائٹل بغیر لڑے واپس لے لیا گیا۔ 9 سال کی مسلسل محنت اور اپنی مدد آپ کے تحت یہ ٹائٹل پاکستان کےلیے جیتا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں