اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے محسن شاہنواز رانجھا کے قتل کی کوشش اور دیگر مقدمات میں پولیس کو بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے روک دیا جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں محسن شاہنواز رانجھا کے قتل کی کوشش سمیت دیگر پانچ مقدمات کی سماعت ہوئی جسے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے سنا۔
عدالت نے حکم دیا کہ 18 فروری تک متعلقہ مقدمات میں پولیس بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو گرفتار نہ کرے۔آج کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش نہ کیا جا سکا، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر انہیں عدالت میں پیش کرنے یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر کی جانب سے دلائل نہ دیے جا سکے جس کے باعث عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدام قتل اور جعلی رسیدوں سمیت دیگر مقدمات درج ہیں جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ جعلی رسیدیں جمع کرانے کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔

