علیمہ خان کے بیٹے کو سادہ لباس افراد گھر سے ’اغوا‘ کرکے لے گئے:پی ٹی آئی

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الزام عائد کیا ہے کہ پارٹی بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان کو لاہور میں ان کے گھر سے سادہ لباس افراد نے اغوا کر لیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شاہریز کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں جبکہ لاہور پولیس نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل رانا مدثر عمر نےبتایا کہ علیمہ خان کا بیٹا شاہریز خان کو بدھ کی رات لاہور میں ان کے گھر سے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ ان کے مطابق نہ تو شاہریز خان کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہے اور نہ ہی وہ کسی سیاسی سرگرمی میں شامل ہیں۔

رانا مدثر عمر نے کہا کہ شاہریز خان کی موجودگی کے بارے میں اہل خانہ کو کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی، اور وہ اس کی بازیابی کیلئےلاہور ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے بیٹے شاہریز خان کے اغوا اور اہل خانہ پر حملے کی مذمت کی ہے۔پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ علیمہ خان کے بیٹے کا اغوا اور حملہ قابلِ مذمت اور شرمناک بزدلانہ حرکت ہے، مسلح افراد دروازے توڑ کر شاہریز خان کو بیڈ روم سے اغوا کر کے لے گئے جبکہ ملازمین پر بہیمانہ تشدد کیا گیا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ شاہریز خان کے دو کم سن بچوں کے سامنے زبردستی کمرے میں گھس کر تشدد کیا گیا، یہ حکومتی دہشتگردی کی بدترین مثال ہے، گزشتہ روز شاہریز خان کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ لاہور ایئرپورٹ سے غیر قانونی طور پر آف لوڈ کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق شاہریز خان کا کسی سیاسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں، صرف عمران خان کی بہن کا بیٹا ہونے کے باعث نشانہ بنایا گیا، یہ سب کچھ مریم نواز اور ان کی فسطائی حکومت کے حکم پر ہو رہا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ عمران خان کو جھکا نہیں سکے اور اب اس کی بہنوں اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں؟ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے فوری نوٹس لینے اور شاہریز خان کو بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ اگر شاہریز خان کو بازیاب نہ کیا گیا تو عوامی غیظ و غضب کا طوفان روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر تحریر کیا”سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے کو ان کے گھر سے اغوا کر لیا۔ ہم اس غنڈہ گردی اور ظلم کی مذمت کرتے ہیں اور چیف جسٹس سمیت حکومتی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔”

لاہور پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ انہیں اس معاملے کی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی، اطلاع ملنے پر ہی کارروائی کی جا سکتی ہے۔شاہریز خان لاہور میں پیدا ہوئے اور ایچی سن کالج سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی سے ایم بی اے کیا۔ وہ اس وقت آسٹریلیا کی ایک بڑی لینن سپلائر کمپنی سمبا گلوبل میں ریجنل ہیڈ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ ایک پیشہ ور ٹرائیتھلیٹ بھی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں