علی امین گنڈا پور مستعفی، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہوں گے

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے تصدیق کی ہے کہ علی امین گنڈا پور نے وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ان کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کیا گیا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے علیمہ خان پر سنگین الزامات لگائے تھے اور پارٹی میں تقسیم کی بات کی تھی۔ سلمان اکرم راجا کے مطابق عمران خان نے صوبے میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی موجودہ پالیسی جنگ و جدل کی پالیسی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کو چاہیے کہ وہ اس طرزِ عمل سے خود کو الگ کرے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز — قبائل، افغان حکومت اور عوام کو مذاکرات میں شامل نہیں کیا جائے گا اس وقت تک پاکستان میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کے ساتھ حالیہ رویہ غلط تھا، چالیس سال کی مہمان نوازی کے بعد ان کی بےعزتی نے نفرت کی فضا پیدا کی۔عمران خان کے مطابق بلاول بھٹو بطور وزیر خارجہ ایک سال سے زائد عرصہ کابل نہیں گئے، جبکہ ان کے دورِ حکومت میں دہشت گردی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی۔

سلمان اکرم راجا کے مطابق عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور افہام و تفہیم ہی واحد راستہ ہے، اور انہیں امید ہے کہ سہیل آفریدی کی قیادت میں نئی سوچ اور جرگہ سسٹم کے ذریعے ایک پائیدار حل سامنے آئے گا۔

“علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ”
سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کے حکم پر استعفیٰ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ اعلیٰ کی پوزیشن بانی پی ٹی آئی کی امانت تھی، جو وہ اب واپس کر رہے ہیں، تاہم سہیل آفریدی کو ان کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔

اس سے قبل صوبائی وزیر سہیل آفریدی نے بیان دیا تھا کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر وضاحت دی تھی کہ انہوں نے میڈیا کو علی امین گنڈا پور سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش میں تھیں کہ تحریک انصاف نے علی امین گنڈا پور کو وزارتِ اعلیٰ کے منصب سے ہٹانے اور سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں