عمران خان نے بیٹوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا: پی ٹی آئی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میڈیا میں چلنے والی اُن خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا کہ پارٹی بانی عمران خان نے اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے یا ان کی رہائی کی مہم میں شرکت سے روک دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات وقاص اکرم نے واضح الفاظ میں کہا کہ”عمران خان صاحب کے بچوں کے بارے میں میڈیا میں چلنے والی خبر مکمل طور پر غلط ہے۔ خان صاحب نے اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے سے ہرگز نہیں روکا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا نمائندگان کو چاہیے کہ اڈیالہ جیل سے عمران خان کی گفتگو کو سیاق و سباق کے ساتھ من و عن رپورٹ کریں، نہ کہ باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کریں۔

وقاص اکرم نے اپنی ایک فالو اپ پوسٹ میں بتایا کہ”عمران خان کے بیٹے پاکستان ضرور آئیں گے، صرف تاریخ طے ہونا باقی ہے۔ اُنہوں نے اپنے والد کو کہا کہ ہم اجازت نہیں مانگ رہے بلکہ اطلاع دے رہے ہیں۔”یاد رہے کہ عمران خان کے بیٹے، سلیمان خان (28) اور قاسم خان (26)، نے رواں برس مئی میں پہلی مرتبہ اپنے والد کی گرفتاری کے خلاف آواز بلند کی تھی۔

اگرچہ وفاقی حکومت نے تاحال اس معاملے پر باضابطہ بیان نہیں دیا، تاہم وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا تھا کہ”اگر عمران خان کے بیٹے پاکستان آئیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائیگا اور ویزا 24 گھنٹے سے کم وقت میں جاری ہو سکتا ہے — بشرطیکہ وہ قانون کی پابندی کریں۔”

دوسری جانب، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے نشاندہی کی کہ چونکہ دونوں بھائی برطانوی شہری ہیں، اسلئےآئینی طور پر پاکستان میں سیاسی سرگرمی یا احتجاج میں شرکت کے مجاز نہیں۔
آئین کا آرٹیکل 16، جو اجتماع کے حق کی ضمانت دیتا ہے، صرف پاکستانی شہریوں پر لاگو ہوتا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے رائے دی کہ”انہیں پاکستان آنے کی اجازت دی جانی چاہیے اور انہیں اپنی سرگرمیاں قانون کی حدود میں رہتے ہوئے انجام دینی چاہئیں۔”

عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جہاں وہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، 9 مئی 2023 کے پرتشدد احتجاج سے متعلق مقدمات کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں